Press Release details
سسٹین ایبل سوشل ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن کے زیر اہتمام اور برطانوی ہائی کمیشن کے اشتراک سے پنجاب یوتھ سمٹ 2025 کا انعقاد
لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن) سسٹین ایبل سوشل ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن (SSDO) کے زیر اہتمام اور برطانوی ہائی کمیشن کے اشتراک سے پنجاب یوتھ سمٹ 2025 کا انعقاد یونیورسٹی آف ہوم اکنامکس لاہور میں ہوا۔ یوتھ سنٹ میں لاہور، گجرات، منڈی بہاؤالدین، میرپور، سیالکوٹ اور جہلم سے 400 سے زائد نوجوانوں، برطانوی ہائی کمیشن، امریکی قونصل خانے، اراکین اسمبلی، میڈیا اور سول سوسائٹی کے نمائندگان نے شرکت کی۔
یوتھ سمٹ کا بنیادی مقصد نوجوانوں کو غیر قانونی ہجرت کے خطرات سے آگاہ کرنا اور انہیں کاروبار اور معاشی مواقع کے فروغ کی طرف راغب کرنا تھا۔ مقررین نے نوجوانوں کو درست سمت میں رہنمائی فراہم کرنے، مقامی معیشت کو مستحکم کرنے اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ ایس ایس ڈی او کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سید کوثر عباس نے نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں سرمایہ کاری اور کاروبار کرنا بیرون ملک غیر قانونی ہجرت کی نسبت زیادہ محفوظ اور منافع بخش ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ انسانی اسمگلروں کے جھانسے میں آنے کے بجائے اپنے ملک میں کاروباری مواقع تلاش کریں اور پاکستان کی معاشی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔برطانوی ہائی کمیشن لاہور کے سربراہ بین وارنگٹن نے کہا کہ برطانیہ اور پاکستان مل کر غیر قانونی ہجرت اور انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے کوشاں ہیں۔ انہوں نے قانونی اور محفوظ ہجرت کے راستوں کو فروغ دینے اور نوجوانوں کو استحصال سے بچانے کے لیے دونوں ممالک کی مشترکہ کوششوں پر روشنی ڈالی۔
امریکی قونصل خانے لاہور کے ڈپٹی پولیٹیکل اینڈ اکنامک چیف نکھیل لاکھن پال نے امریکہ اور پاکستان کی شراکت داری پر بات کرتے ہوئے کہا کہ غیر قانونی ہجرت صرف ایک قانونی مسئلہ نہیں بلکہ ایک سماجی چیلنج بھی ہے، جس کا حل حکومتوں اور مقامی کمیونٹیز کی مشترکہ کوششوں سے ممکن ہے۔ایم پی اے عظمٰی کاردار، کنوینر اسپیشل کمیٹی برائے انسداد انسانی اسمگلنگ نے پاکستان میں انسانی اسمگلنگ کے خاتمے کے لیے کیے گئے قانونی و انتظامی اقدامات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ پالیسی اصلاحات اور قانون کے مؤثر نفاذ سے اس مسئلے کو بہتر طریقے سے حل کیا جا سکتا ہے۔وزیراعظم یوتھ پروگرام پنجاب کے فوکل پرسن فہد شہباز نے کہا کہ نوجوان ہنر سیکھے اور کاروباری مواقعوں سے فائدہ اٹھائیں۔ ایم پی اے سارہ احمد چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن ویلفیئر بیورو پنجاب نے نوجوانوں کی نفسیاتی اور سماجی مسائل پر روشنی ڈالی جو انہیں غیر قانونی ہجرت کی طرف دھکیلتے ہیں انہوں نے نوجوانوں کو تلقین کی کہ وہ اپنے مستقبل کے فیصلے سوچ سمجھ کر کریں اور اسمگلروں کے جھوٹے وعدوں کے دھوکے میں نہ آئیں۔معروف اداکارہ نادیہ جمیل نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی آواز اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کا استعمال کرتے ہوئے غیر قانونی ہجرت کے نقصانات کے بارے میں آگاہی پیدا کریں اور دوسروں کو بھی محفوظ اور باشعور فیصلے لینے کی ترغیب دیں۔پنجاب یوتھ سمٹ 2025 کا مثبت اختتام نوجوانوں کے عزم کے ساتھ ہوا کہ وہ مقامی کاروبار کو فروغ دینے اور غیر قانونی ہجرت کے خلاف آگاہی پھیلانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ یہ سمٹ ایک کامیاب اقدام ثابت ہوا جس میں تمام شراکت داروں نے نوجوانوں کے لیے محفوظ اور پائیدار اقتصادی مواقع پیدا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
News Published in Daily Pakistan